اسلام آباد (اے بی این نیوز) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے صوبے کو درپیش مالی بحران پر وفاقی حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے، جس میں فنڈز کی بروقت فراہمی نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وفاق کی جانب سے فنڈز کے اجراء میں کمی کے باعث خیبرپختونخوا کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے، جس سے صوبے کے مالی معاملات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ مشیر خزانہ نے نشاندہی کی کہ مالی سال 2025-26 کے لیے مقرر کردہ 157 ارب روپے کا سرپلس ہدف خطرے میں پڑ گیا ہے۔
مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ بروقت فنڈز کی عدم فراہمی سے صوبائی مالی نظم و نسق متاثر ہو رہا ہے اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کی منصوبہ بندی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
خط میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے واجب الادا فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ صوبے کو درپیش مالی بحران پر قابو پایا جا سکے اور مالی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم سے خیبرپختونخوا کےعوامی نمائندگان کی ملاقات، اہم پیش رفت سامنے آگئی















