ہری پور (اے بی این نیوز) پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی اہلیہ شہر ناز نے این اے 18 کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پٹیشن دائر کردی۔
عمر ایوب کی اہلیہ شہر ناز نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی ہے جو 4 ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔ وہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان سے شکست کھا گئی تھیں۔
یاد رہے کہ عمر ایوب کی نااہلی کے بعد این اے 18 ہری پور کی قومی اسمبلی کی نشست خالی ہوئی تھی۔
اس نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان 163,996 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ آزاد امیدوار شہر ناز ایوب 120,220 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی ٹی آئی نے ضمنی انتخاب کے نتائج میں دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔
19 دسمبر 2025 کو الیکشن کمیشن نے این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب سے متعلق الزامات پر ایک بیان جاری کیا کہ فارم 47 ریٹرننگ افسر نے تیار کیا اور جاری کیا جو 24 نومبر 2025 کو صبح 3:16 بجے الیکشن کمیشن کو موصول ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے کمیشن کو نتائج 3:22 پر فراہم کیے، فارم 47 صبح 4:28 پر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا، ہری پور ضمنی انتخاب کے فارم 48 اور 49 بھی 26 نومبر 2025 کو موصول ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ فارم 47 ویب سائٹ پر ریٹرننگ افسر کے دستخط کے ساتھ دستیاب ہے، انتخابی معاملات سے متعلق شکایات کا فورم الیکشن ٹریبونل ہے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج ،پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا















