اہم خبریں

محمود مولوی نے پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو نیشنل ڈائیلاگ کی پیشکش کر دی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) رکن قومی مذاکراتی کمیٹی محمود مولوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو بھی باضابطہ طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مذاکراتی کمیٹی بہتری کی نیت سے تمام سیاسی قوتوں کو ایک میز پر بٹھانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ معاملات میں مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے۔

اے بی این کے پروگرام “سوال سے آگے” میں گفتگو کرتے ہوئے محمود مولوی نے کہا کہ اس وقت نہ اسٹیبلشمنٹ بات کرنے کو تیار ہے اور نہ ہی حکومت، تاہم کمیٹی اپنی طرف سے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قابل اور تجربہ کار سیاستدانوں کو بھی مذاکرات کے عمل میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے، کیونکہ مقصد سیاسی مسائل کا سنجیدہ اور پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا اور اختلافات کا حل سیاسی فورمز پر ہی نکالا جانا چاہیے۔ محمود مولوی نے کہا کہ فوج کے سیاست سے دور رہنے کے مؤقف کو ایک بار پھر دہرایا گیا ہے اور اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں گھسیٹنا ناقابل قبول ہے۔

رکن قومی مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لیے اداروں کو استعمال کرنا بند کیا جانا چاہیے، کیونکہ نیشنل ڈائیلاگ ہی موجودہ سیاسی ڈیڈلاک توڑ سکتا ہے۔ ان کے مطابق ملک کو تصادم نہیں بلکہ سیاسی اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں‌:قیدیوں کو مذاکرات میں شامل کرنا سیاسی ٹمپریچر کم کر سکتا ہے،فواد چودھری

متعلقہ خبریں