اہم خبریں

پاکستان کی خودمختاری پر کسی قسم کا کمپرومائز ناقابل قبول ہے،امجد خان نیازی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کنفیوزڈ نہیں ہے اور اس کا ویژن واضح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی فوج ملک کے لیے سب سے اہم ادارہ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ نیازی نے اے بی این کے پروگرام “تجزیہ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کسی قسم کا کمپرومائز ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں، چاہے معاملہ دہشت گرد ہو یا دہشت گردی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست یکسو ہے اور پاکستان سب کا سانجھا ملک ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ پارٹی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ملک کی خدمت کے لیے سیاست کر رہی ہے اور این آر او لے کر ملک سے بھاگنے والوں میں وہ شامل نہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا کہ شہر بند کرنے کی کالز سے ملک میں منفی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بند کرنا دہشت گردی نہیں مگر امن و امان کے لیے نقصان دہ ہے۔ شیخ نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں تعاون کریں اور منفی سیاست سے اجتناب کریں تاکہ مجموعی ملکی صورتحال بہتر ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل سڑکوں پر نہیں بلکہ بات چیت میں ہے اور ذمہ دار سیاست ہی ملک کو استحکام دے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری اور سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ قیصر احمد شیخ نے پی ٹی آئی کی پالیسی اور رویے کو “کنفیوزڈ” قرار دیا اور کہا کہ صرف ایک دوسرے کے خلاف بات کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
مزید پڑھیں‌:ن لیگ کے اہم راہنما انتقال کر گئے، جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں