اہم خبریں

مائنس عمران خان محض قیاس آرائی ہے، بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ وینزویلا کی صورتحال پر دفتر خارجہ کا مؤقف بالکل واضح ہے اور پاکستان عالمی تنازعات میں اقوام متحدہ کے اصولوں کی پاسداری کا حامی ہے۔

اے بی این نیوز کے پروگرام ’’سوال سے آگے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان کا دوٹوک مؤقف ہے کہ تمام تنازعات کا حل پرامن، سفارتی اور قانونی طریقے سے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سمیت دیگر عالمی معاملات پر بھی پاکستان کی اصولی پوزیشن برقرار ہے اور ملک ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی قوانین کی پاسداری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ داخلی سیاست میں بھی حکومت سیاسی استحکام اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو بارہا مذاکرات کی دعوت دی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ ہی مذاکرات اور فیصلوں کا مرکزی فورم رہے گی اور الیکشن سے متعلق معاملات پر مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا، جن میں تمام متعلقہ فریقین شامل ہوں گے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے زور دیا کہ مذاکرات کا عمل شفاف اور بامقصد ہونا چاہیے، کیونکہ پاکستان طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت اور قانونی طریقہ کار پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں مسائل کا حل صرف مکالمے سے نکلتا ہے، تصادم کسی مسئلے کا حل نہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ یکطرفہ مذاکرات ممکن نہیں، کیونکہ تالیاں دو ہاتھوں سے بجتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل فیصلے کا اختیار ایک شخص کے پاس ہے جبکہ باقی افراد کو اختیار ہی نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق جمہوری بحران کا واحد حل ڈائیلاگ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ’’مائنس بانی پی ٹی آئی‘‘ کی بات محض سیاسی قیاس آرائی ہے، اس کی کوئی حقیقت نہیں۔
مزید پڑھیں‌:بینک آف پنجاب نے مبینہ سائبر حملے کی خبروں کی تردید کر دی

متعلقہ خبریں