اہم خبریں

میٹروپولیٹن نظام ختم، اسلام آباد میں نئے بلدیاتی ڈھانچے کا اعلان

اسلام آباد (اے بی این نیوز)حکومت نے اسلام آباد میں موجودہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نظام ختم کر کے شہر کو تین ٹاوٴن کارپوریشنز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت اسلام آباد میں 3 میئرز اور 6 نائب میئرز ہوں گے، اور میئر و نائب میئرز کی مدت 4 سال مقرر کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، ہر ٹاوٴن کارپوریشن میں ایک میئر اور دو نائب میئر تعینات ہوں گے، اور ان کا انتخاب براہِ راست نہیں بلکہ یونین کونسلز کے چیئرمین کریں گے۔ اس حوالے سے صدارتی آرڈیننس صدر مملکت کو ارسال کیا جائے گا، جس کے دستخط کے بعد الیکشن کمیشن نئی حد بندیاں اور انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔

قومی اسمبلی کے تین حلقوں کی بنیاد پر اسلام آباد کو تین ٹاوٴنز میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اور نئے بلدیاتی نظام کے تحت ٹاوٴن کارپوریشنز کو انتظامی اور مالی خودمختاری فراہم کی جائے گی۔ سی ڈی اے کے متعدد اختیارات مرحلہ وار ٹاوٴن کارپوریشنز کو منتقل کیے جائیں گے، جبکہ میئرز کو صفائی، نکاسی آب اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اختیارات سونپے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت اسلام آباد کی 125 یونین کونسلز کو آبادی کے تناسب سے تین ٹاوٴنز میں تقسیم کیا جائے گا، جس سے مقامی سطح پر گورننس اور شہری سہولیات کی فراہمی میں بہتری متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی مذاکرات شروع ہوں گے،شفقت عباس اعوان

متعلقہ خبریں