اہم خبریں

عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی مذاکرات شروع ہوں گے،شفقت عباس اعوان

اسلام آباد (اے بی این نیوز)رہنما پی ٹی آئی شفقت عباس اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کبھی بھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا اور حکومت کو چاہیے کہ وہ مذاکرات کو سنجیدگی سے لے، کیونکہ عوام مزید تاخیری حربے قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد الیکشن کمیشن اور آئین کی بحالی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے، جس کے لیے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس پارٹی کے نمائندے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ تاہم شفقت عباس اعوان نے بتایا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے کوئی موثر کمیٹی یا پلیٹ فارم قائم نہیں کیا۔

اے بی این نیوز کے پروگرام تجزیہ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں فارورڈ بلاک چھوڑنے والوں یا دیگر عناصر سے کوئی بات نہیں ہوگی کیونکہ یہ افراد ناقابل قبول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوگی، مذاکرات شروع نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب، مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی خود مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو متعدد بار مذاکرات کی دعوت دی ہے اور تھوڑا بہت اختلاف بیٹھ کر حل ہو جاتا ہے۔ سینیٹر ناصر بٹ نے واضح کیا کہ اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ اپوزیشن خود کرے گی اور حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی تمام فیصلے کیے جاتے ہیں، اور حکومت بھی مذاکرات کے لیے مکمل سنجیدہ ہے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ دو سال سے جیل میں موجود عمران خان کو عدالت نے سزا دی ہےاور اگر کوئی احتجاج کرنا چاہے تو قانون کے دائرے میں ممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون کی پاسداری اور امن و امان پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سینیٹر ناصر بٹ نے محمود خان اچکزئی کو ایک زیرک اور سمجھدار سیاستدان قرار دیا۔
مزید پڑھیں‌:بنگلہ دیش کا آئی پی ایل سے متعلق اہم فیصلہ

متعلقہ خبریں