اہم خبریں

برزل پاس پر برفانی تودہ ہٹانے کا مشن مکمل،پاک فوج کے 3جوان شہید

برزل پاس (اے بی این نیوز)برزل پاس پر برفانی تودہ ہٹانے کا مشن مکمل، پاک فوج نے بھاری مشینری کے ذریعہ برزیل پاس کو کھول دیا، آپریشن کے دوران کیپٹن عصمد ، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ نے شہادت کو گلے لگا لیا، ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برزل پاس پر برفانی تودہ ہٹانے کا مشن مکمل کرلیا گیا، علاقے میں نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا، 2 اور 3 جنوری 2026 کی درمیانی شب برزل پاس پر برف ہٹانے کا آپریشن شروع کیا گیا۔

آپریشن کا مقصد علاقے میں فوج کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنانا تھا، برف ہٹانے کا یہ آپریشن بھاری مشینری کے ذریعے انجام دیا گیا، قیادت کیپٹن عصمد گلفام کر رہے تھے۔

03 جنوری 2026 کو تقریباً رات 2 بجے آپریشن کے دوران اچانک برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن عصمد گلفام ، دو جوان اور پی ڈبلیو ڈی کا ایک سویلین مشین آپریٹر برف تلے دب گئے۔شدید اور مسلسل ریسکیو آپریشن کے بعد چاروں افراد کو برف سے نکال لیا گیا، تاہم کیپٹن عصمد گلفام ، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ کی حالت تشویشناک ہو گئی۔

کیپٹن عصمد گلفام، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔شہداء نے انتہائی خراب موسمی حالات میں مشکل ترین آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے افواج کی نقل و حرکت کو ممکن بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یہ عظیم قربانی اس امر کی واضح مثال ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے تمام افسران اور جوان مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں، پاک فوج کے افسر و جوان فرض کی راہ میں جان دینے سے دریغ نہیں کرتے۔
مزید پڑھیں: اسحاق ڈارکا سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، خطےکی صورتحال پرتبادلہ خیال

متعلقہ خبریں