اہم خبریں

کینیا میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

نیروبی (اے بی این نیوز)کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں شدید بارش کے باعث ایک سات منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو اداروں کی جانب سے متاثرہ افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہروما کے رہائشی علاقے میں واقع عمارت کے ملبے کے قریب بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں جبکہ امدادی کارکن پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 12 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

کینیا کی پولیس نے کے ٹی این نیٹ ورک کو بتایا کہ ملبے تلے دبے افراد کی درست تعداد کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔ ریڈ کراس کے مطابق امدادی ٹیموں کو اب بھی ملبے کے نیچے دبے افراد کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

ریڈ کراس کے ترجمان وینینٹ این ڈیگیلا کا کہنا تھا کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملبے کے نیچے مزید افراد موجود ہیں۔ ہروما علاقہ تنگ سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔

فوج نے کینیا ریڈ کراس کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی سنبھال لی ہے۔ دوسری جانب، عالمی ادارہ ریڈ کراس نے موقع پر موجود ہجوم اور بدانتظامی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ کینیا میں ناقص تعمیرات ایک سنگین مسئلہ ہے۔ گزشتہ سال کیے گئے ایک سروے کے مطابق نیروبی میں نصف سے زائد عمارتیں رہائش کے لیے غیر محفوظ قرار دی گئی تھیں۔ ماہرین کے مطابق تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور سستے تعمیراتی طریقے ایسے حادثات کی بڑی وجہ ہیں۔
مزید پڑھیں‌:انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی مذہبی و لسانی تعصب کی آماجگاہ ، ڈاکٹر رفاقت علی

متعلقہ خبریں