اہم خبریں

لاہور میں احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف مقدمات درج

لاہور (اے بی این نیوز)گزشتہ روز احتجاج کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے گئے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمات غالب مارکیٹ اور شادمان تھانے میں پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے جن میں 35 نامعلوم کارکن نامزد ہیں۔

ایف آئی آرز میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے روڈ بلاک کر کے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ پولیس حکام کے مطابق حکومت مخالف نعرے بازی کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کیا گیا۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے حال ہی میں پنجاب کا دورہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی پنجاب اسمبلی آمد کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی تھی۔گزشتہ روز وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ پنجاب پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی یورپ دیکھنے لاہور آئے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، وہ کھانا کھائیں، ویک اینڈ گزاریں اور گھر جائیں، فساد کرنے، انتشار پھیلانے اور بدزبانی کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی بتیاں دیکھیں لیکن پودے تباہ نہیں کرنے دیں گے، وہ کیا فتنہ خان سے بڑا لیڈر ہے؟ فتنہ خان کی کال آئی تو کتنے لوگ باہر نکلے تھے؟عوامی احتجاج سے متعلق انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی کال پر لوگوں نے نکلنا چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: مئی میں پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ساکھ کو مضبوط کیا، عالمی جریدہ

متعلقہ خبریں