راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) 9 مئی کیسز میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بڑا قانونی ریلیف، گرفتاری سے عارضی تحفظ مل گیا۔ راولپنڈی کی مقامی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سمیت دیگر پانچ مقدمات میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف اور بشریٰ بی بی کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔ عدالت نے دونوں کی گرفتاری پر 27 جنوری تک پابندی عائد کرتے ہوئے پولیس کو کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو ذاتی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے تاکہ ضمانت کی درخواستوں پر باقاعدہ دلائل سنے جا سکیں۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ شمسہ کیانی عدالت میں پیش ہوئیں۔ تاہم بانی پی ٹی آئی کی عدم موجودگی کے باعث ضمانت سے متعلق دلائل مکمل نہ ہو سکے، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل، جعلی رسیدوں اور دیگر الزامات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی پر بھی مبینہ طور پر جعلی رسیدیں جمع کرانے کا الزام ہے، جس پر الگ مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔
مزید پڑھیں :توشہ خانہ کیس میں سزا؟ اپیل تعطل کا شکار،جا نئے وجہ















