اسلام آباد(اے بی این نیوز)) عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اپنی سزا سن کر بالکل حیران نہیں تھے بلکہ اس موقع پر مسکرا رہے تھے۔ ان کے مطابق عمران خان نے انہیں ہدایت کی ہے کہ سزا کے خلاف فوری طور پر ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جائے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو انتہائی مشکل حالات میں رکھا گیا ہے اور وہ قیدِ تنہائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کے پاس مطالعے کے لیے کتابیں تک موجود نہیں، جبکہ آج بھی جیل میں سیکیورٹی غیر معمولی طور پر سخت تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جیل میں ملاقات بھی بہت مشکل سے ہو سکی اور محدود وقت میں بات چیت ممکن ہوئی۔ بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق عمران خان ان سے مزید ملاقات اور تفصیلی گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کا حوصلہ بلند ہے اور وہ قانونی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر عمران خان کی قید، جیل سہولیات اور قانونی کارروائی پر بحث تیز ہو گئی ہے۔تاحال جیل حکام یا سرکاری اداروں کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر کے دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
مزید پڑھیں: بنگلادیش کے پہلے ایئر چیف اے کے خانداکر انتقال کر گئے















