اسلام آباد،راولپنڈی(اے بی این نیوز) جڑواں شہروں میں منعقد ہونے والی پہلی ’’ٹوِن سٹیز میراتھن‘‘ کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی میٹرو بس سروس کو آج کے دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق میٹرو کوریڈور کو مکمل طور پر بند کر کے پہلی بار اسے ایک ہائی انرجی ریسنگ ٹریک میں تبدیل کیا گیا ہے، جہاں ہزاروں رنرز حصہ لے رہے ہیں۔
ہاف میراتھن صدر میٹرو اسٹیشن سے شروع ہوئی، جس میں شرکاء مخصوص ٹریک کے ذریعے اسلام آباد کی جانب دوڑ رہے ہیں، جبکہ 5 کلومیٹر کی تفریحی رن سینٹورس مال سے شروع ہوئی، جس میں طلبہ، خاندانوں، فٹنس کے شوقین افراد اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں۔
دونوں شہروں کی سیکیورٹی اور ٹریفک ٹیمیں راستے پر موجود ہیں، جبکہ میٹرو ٹریک کے ساتھ پانی کے اسٹیشن، میڈیکل پوسٹس، رضاکاروں کے پوائنٹس اور چیئرنگ زون قائم کیے گئے ہیں تاکہ ایک محفوظ اور پُرجوش ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
ایونٹ منتظمین کا کہنا ہے کہ میراتھن کا مقصد جڑواں شہروں کے شہری رابطے کو اجاگر کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔ میٹرو ٹریک کا عام عوام کے لیے پہلی بار کھلنا شرکاء کے لیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہو رہا ہے۔میٹرو بس سروس کے ایونٹ کے اختتام کے بعد آج شام معمول کے مطابق بحال ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: آج بروز اتوار 7 دسمبر موسم کی تازہ ترین صورتحال















