کراچی (اے بی این نیوز) ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور ملتان ایئرپورٹس پر چرس اور آئس اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔
اپنی کامیابیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، اے ایس ایف نے آج منشیات کی اسمگلنگ کی دو الگ الگ کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ یہ کارروائیاں پشاور اور ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر کی گئیں جہاں اے ایس ایف اہلکاروں نے مسافروں کے سامان کی باریک بینی سے تلاشی کے دوران منشیات برآمد کی۔
پشاور ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتوں میں خفیہ طور پر 823 گرام چرس چھپائی گئی تھی جب کہ ملتان ایئرپورٹ پر ایک اور مسافر کے سامان سے 926 گرام آئس ہیروئن برآمد ہوئی جسے بڑی چالاکی سے ایک بیگ میں چھپایا گیا تھا۔ دونوں مسافر بالترتیب بیرون ملک، دبئی اور شارجہ جا رہے تھے۔
ایئرپورٹس سیکیورٹی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ منشیات سمیت ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:بلوچستان: تربت میں انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام، 29 غیر ملکی گرفتار















