اہم خبریں

بلوچستان: تربت میں انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام، 29 غیر ملکی گرفتار

بلوچستان ( اے بی این نیوز) ضلع تربت میں پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 29 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

انسانی اسمگلنگ کے واقعات، جن میں لوگوں کو کسی ملک میں داخل ہونے یا وہاں غیر قانونی طور پر رہنے میں مدد کی جاتی ہے، پاکستان میں پچھلے کچھ سالوں میں خطرناک حد تک بڑھی ہے۔ اس رجحان سے نہ صرف ملک کی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ اس میں ملوث افراد کی زندگیوں کو بھی خطرہ ہوتا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیچ کیپٹن زوہیب محسن نے ڈان نیوز کو بتایا کہ یہ کارروائی تربت کے نواح میں کی گئی، جہاں ایک لینڈ کروزر کو روکا گیا جس میں درجنوں افراد سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والوں میں 12 مرد، 13 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔ دو ڈرائیوروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو مبینہ طور پر ان لوگوں کو غیر قانونی راستوں سے ایران پہنچانے میں ملوث تھے۔

ایس ایس پی زوہیب محسن نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار افغان شہری بلوچستان کے راستے ایران میں داخل ہو کر یورپ جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تمام گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے’۔

اہلکار نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

ستمبر میں، اقوام متحدہ نے ملک میں نقل و حرکت کے انتظام کو بہتر بنانے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان میں ایک ’مائیگریشن نیٹ ورک‘ شروع کیا۔

ہر سال بہت سے نوجوان پاکستانی روزگار کے بہتر مواقع کی تلاش میں غیر قانونی راستوں سے ملک چھوڑ جاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی) اور یورپی یونین کے 2023 کے مطالعے کے مطابق گزشتہ تین سالوں میں 24 ہزار پاکستانی غیر قانونی طور پر یورپی یونین کے ممالک میں داخل ہوئے۔

برطانیہ میں بھی غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جب کہ امریکا اور آسٹریلیا بھی ان کے لیے مقبول مقامات بن گئے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:بیرون ملک روانگی ناکام! پی ٹی آئی کی خاتون رکن اور شوہر کو آف لوڈ کر دیا گیا

متعلقہ خبریں