استنبول (اے بی این نیوز)پاکستان میزبانوں کی درخواست پرافغانستان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد جو واپس روانہ ہونے والا تھا اب استنبول میں مزید قیام کرے گا، مذاکراتی عمل کو دوبارہ جاری رکھ کر امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مذاکرات پاکستان کے اُسی مرکزی مطالبے پر ہوں گے کہ افغانستان دہشت گردوں کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور موثر کارروائی کرے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوا تھا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر پر اتفاق ہوا تھا۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اور تیسرا دور استنبول میں ہوا تھا۔ پاکستانی وفد ابھی تک استنبول میں ہے اور اب میزبانوں کی درخواست پر دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے افغان شہریوں کو شہریت دینے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا















