اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر کی سیاست کے منظرنامے کو بدل دینے والا فیصلہ سامنے آ گیا۔ پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اپنی حکومت قائم کرنے کے لیے عملی مراحل شروع کر چکی ہے۔
پارٹی رہنما سردار جاوید نے مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت لانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پیپلز پارٹی کے دو اہم سیشن ہوئے جن میں سے ایک کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خود کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہ تو صوبوں، نہ گلگت بلتستان اور نہ ہی آزاد کشمیر میں اپنی ذمہ داریوں سے لاتعلق رہ سکتی ہے۔ عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہمارا فرض ہے۔
پیپلز پارٹی کی یہ جارحانہ حکمتِ عملی آزاد کشمیر کی حکومت کے لیے بڑا چیلنج بن چکی ہے اور اگلے چند دن وہاں کے سیاسی ماحول کو مکمل طور پر تبدیل کر سکتے ہیں۔ ایوانِ صدر میں ہونے والے اس اہم فیصلے کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں نئی بساط بچھ چکی ہے اور سب نگاہیں آئندہ آنے والے ڈرامائی اقدامات پر مرکوز ہیں۔
مزید پڑھیں :ڈیڈ لائن ختم،کل سے لاکھوں بنک اکائونٹس منجمد؟















