اہم خبریں

پاک فضائیہ کے جے ایف17 مشقوں میں شرکت کیلئے آذربائیجان پہنچ گئے

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر بلاک3 جنگی طیاروں پر مشتمل دستہ دو طرفہ فضائی مشق میں شرکت کےلیے آذربائیجان پہنچ گیا۔

پاک فوج ک شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کا دستہ فضائی مشق انڈس شیلڈالفامیں شرکت کیلئے آذربائیجان پہنچا ہے، پاک فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان سے آذربائیجان تک بلاتعطل پرواز مکمل کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پرواز کے دوران فضا میں ایئر ٹو ایئرری فیولنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا، پاک فضائیہ کے آئی ایل78ایریل ٹینکر نے فضا میں ری فیولنگ کاعمل انتہائی مہارت سے انجام دیا۔

مشق ‘انڈس شیلڈ الفا’ کا مقصد دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، حکمت عملی میں ہم آہنگی اور اشتراکی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

اس مشق میں جدید فضائی جنگی حربوں، مشترکہ منصوبہ بندی اور آپریشنل عمل کو موجودہ ٹیکنالوجی اور بدلتی فضائی قوت کے تناظر میں پرکھا جائے گا۔پاک فضائیہ کی اس مشق میں شمولیت علاقائی استحکام اور عالمی عسکری تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ پاکستانی فضائیہ کے اس عزم کا بھی اظہار ہے کہ وہ جدید جنگی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بناتی رہے گی اور فضائی آپریشنز کے ہر شعبے میں اپنی روایتی برتری برقرار رکھے گی۔
مزید پڑھیں: ٹماٹر کی قیمت 560 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ،عوام پریشان

متعلقہ خبریں