اہم خبریں

افغان طالبان سے مذاکرات: وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد دوحہ پہنچ گیا

دوحہ( اے بی این نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد دوحہ پہنچ گیا ہے جہاں آج پاکستان اور افغان حکام کے درمیان مذاکرات ہونے والے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفد اپنے ساتھ افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے متعلق شواہد بھی لے کر آیا ہے جس میں پاکستان کو مطلوب متعدد دہشت گردوں کے شواہد بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا پاکستانی وفد قطر میں افغان طالبان سے مذاکرات کرے گا، جس کا بنیادی مقصد سرحد پار دہشت گردی کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

ترجمان کے مطابق مذاکرات میں افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں فوری بند کرنے پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا بلکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پرامن حل چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کریں اور پاکستان کے سیکورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے کابل انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروپوں کے خلاف قابل تصدیق کارروائی کرے۔

ترجمان نے قطر کی جانب سے جاری ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن و استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان گزشتہ روز قطر میں ہونے والے مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دوحہ مذاکرات کے دوران سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے جنگ بندی برقرار رکھی جائے گی۔
مزید پڑھیں‌:ڈھاکہ: ایئرپورٹ پر خوفناک آتشزدگی، فلائٹ آپریشن معطل

متعلقہ خبریں