اہم خبریں

پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی عسکری و دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا: فیلڈ مارشل

کاکول (اے بی این نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی عسکری اور دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا، بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتا ہوں نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کیلئے گنجائش نہیں۔

پی ایم کے کاکول کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف سید عاصم منیر کا کہنا تھا آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم اپنی فوج کے ساتھ فولاد کی طرح کھڑی تھی، آپریشن بنیان مرصوص سے قوم کے فوج پر اعتماد مزید مضبوط ہوا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے نیاد الزمات لگائے گئے، بھارتی جارحیت کے خلاف قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان ہوئی اور قوم کی حمایت سے سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران عددی طور پر بڑے دشمن کیخلاف اپنی واضح فتح کی بدولت عالمی برادری کا وقار اور داد حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ازلی دشمن کےخلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا گیا، دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس400 سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا، اللہ کےفضل اور قومی عزم کے ساتھ ہم نےمن حیث القوم متحد ہو کر فولادی دیوار کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا۔

قبل ازیں پی ایم اے کاکول میں 152 ویں لانگ کورس، 37 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71 ویں اینٹی گریٹٹ کورس اور 26 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاس آؤٹ والوں میں 40 دوست ممالک کے فوجی بھی شامل تھے جن کا تعلق عراق، مالدیپ، مالی، نیپال، فلسطین، سری لنکا، یمن، نائیجیریا، قطر اور بنگلا دیش سے ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر ان کا شاندار استقبال کیا۔ ازاں مہمان خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر اور شیلڈ سے نوازا۔
مزید پڑھیں: افغانستان کا پاکستان میں سہ ملکی سیریز کھیلنے سے انکار

متعلقہ خبریں