اہم خبریں

خیبرپختونخوا،فورسز سے جھڑپوں میں بھارتی حمایت یافہ 34 خوارج ہلاک

پشاور(اے بی این نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی اس پی آر) نے کہا ہے کہ 13 سے 15 اکتوبر 2025 کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بھارتی ایجنسیوں کے زیر اثر دہشت گرد تنظیم ’الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 34 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا، دورانِ کارروائی دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 18 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تیسری جھڑپ ضلع بنوں میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے ممکنہ ٹھکانے کو ختم کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کا مقصد ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں