باگیو (اے بی این نیوز)فلپائن کے شمالی پہاڑی شہر باگیو میں درمیانے درجے کا زلزلہ آیا ہے، جس سے خوفزدہ ہو کر لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے جبکہ علاقے میں اسکول بھی بند کر دیئے گئے۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے آیا اور اس کا مرکز باگیو کے قریب واقع علاقے ’’پوگو‘‘میں تھا۔
زلزلے کی شدت شروع میں 4.8 بتائی گئی، لیکن بعد میں محکمہ ارضیات نے اسے 4.4 قرار دیا، حکام کے مطابق زلزلے کے بعد نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
باگیو شہر کی آبادی تقریباً 3 لاکھ 66 ہزار ہے۔ شہر کے دفاتر اور ہسپتالوں سے سینکڑوں افراد باہر نکل آئے۔ باگیو سٹی ہیلتھ آفس کے منتظم رالف کابیواگ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم عمارت کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ پتا چل سکے کہ کہیں کوئی نقصان تو نہیں ہوا۔
باگیو کے میئر بینجامن ماگالونگ نے شہر کے تمام پرائمری اور ہائی اسکول بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ فلپائن محکمہ زلزلہ نے بتایا کہ وہ نقصان کی توقع کر رہے تھے، تاہم زلزلہ کم شدت کا تھا لیکن زیرِ زمین کم گہرائی کے باعث جھٹکے زیادہ محسوس کئےگئے۔
مزید پڑھیں: استعفیٰ دیدیا