اہم خبریں

دفتر خارجہ کا سلامتی کونسل میں وزیر دفاع کے پیچھے بیٹھی خاتون کی موجودگی پر سوالات کا نوٹس

اسلام آبا د (اے بی این نیوز)وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں وزیردفاع خواجہ آصف کے پیچھے شمع جونیجو کی موجودگی کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث گزشتہ روز خواجہ آصف نے یو این ایس سی کے اجلاس سے خطاب کیا تھا، جس کے دوران شمع جونیجو ان کے بالکل پیچھے بیٹھی نظر آئیں، ان کی موجودگی پر سوشل میڈیا پر تنقید کی گئی، جہاں ناقدین نے ان کے ماضی کے بیانات کی طرف اشارہ کیا جو مبینہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی حمایت میں تھے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ کو ایک سرکاری بیان جاری کیا جس میں معاملے کی وضاحت کی گئی۔

ترجمان نے بیان میں کہا کہ وزارت نے حالیہ یو این ایس سی اجلاس میں وزیردفاع کے پیچھے ایک مخصوص شخص کے بیٹھنے کے بارے میں سوالات نوٹ کیے ہیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ واضح کیا جاتا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سرٹیفکیٹ آف کریڈنس میں اس خاتون کا نام شامل نہیں تھا۔


بیان میں مزید کہا گیا کہ خاتون کا وزیر دفاع کے پیچھے بیٹھنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی منظوری سے نہیں تھا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منظوری کے بغیر وزیر دفاع کے پیچھے خاتون کو نشست دی گئی تھی۔

دریں اثنا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس تنازع سے خود کو الگ کر لیا ہے، ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ خاتون کون ہیں، وہ ہمارے وفد کا حصہ کیوں تھیں، اور وہ میرے پیچھے کیوں بیٹھی تھیں؟ ان سوالات کا جواب صرف دفتر خارجہ دے سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: فائنل سے قبل بھارت کے 2 اہم کھلاڑی ٹیم سے باہر

متعلقہ خبریں