اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) اسلام آباد سے جاری وزارتِ مذہبی امور کے نوٹیفکیشن کے مطابق پرائیویٹ حج 2026 کے لیے درخواستیں آج سے باضابطہ طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔ اس سکیم کے تحت رواں سال 37 ہزار 903 نئے عازمین درخواست جمع کرا سکیں گے، جبکہ گزشتہ سال پیچھے رہ جانے والے 22 ہزار 97 رجسٹرڈ عازمین کو بھی اس موقع پر شامل کیا گیا ہے۔
یوں پرائیویٹ حج سکیم کا مجموعی کوٹہ 60 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ پہلے ان افراد کو ترجیح دیں جو پچھلے سال اپنی باری نہ آنے کے باعث رہ گئے تھے۔ اس مقصد کے لیے آپریٹرز سے حلف نامہ بھی لیا جا رہا ہے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ گزشتہ سال کے تمام رجسٹرڈ عازمین کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک دن قبل ان عازمین کے لیے اندراج کا آخری دن تھا جو پچھلے سال رہ گئے تھے کیونکہ اس حوالے سے پورٹل اب بند کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان نے ٹرائل کا مکمل بائیکاٹ کر دیا