اسلام آباد (رضوان عباسی )اے بی این نیوز نے یکم جنوری 2025 سے 30 جون 2025 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ اس ریکارڈ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام کو قیمتی تحائف دیے گئے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، ایئرچیف، نیول چیف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال اور دیگر اہم شخصیات کو بھی مختلف تحائف ملے۔
تحائف میں ڈیکوریشن پیسز، گھڑیاں، برقی گاڑیاں، ریڈی میڈ قالین، بیڈ شیٹ، جائے نماز، ٹی سیٹ، کافی سیٹ اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیئرمین ایف بی آر نے وزیراعظم کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔
کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ جنوری تا جون 2025 کے دوران وصول کیے گئے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے گئے ہیں اور ان کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ اس سے قبل حکومت توشہ خانہ کا ریکارڈ 2002 سے 2024 تک عوام کے سامنے پیش کر چکی ہے جبکہ 1997 سے 2001 کا ریکارڈ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا ،انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ 31 خوارج ہلاک