اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے ملاقات،اہم معاہدوں پر دستخط

بیجنگ(اے بی این نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے بیجنگ میں چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت اور قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین کامیابی سے جاری ہے۔ بیجنگ میں چینی ہم منصب لی چیانگ سے وفد کے ہمراہ ملاقات کیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز ٹو اورپانچ نئے کوریڈورز کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں سائنس و ٹیکنالوجی ، آئی ٹی ، میڈیا اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت اور قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی اصلاحاتی کوششوں کے امید افزا نتائج صرف چین کی بھرپور حمایت کی بدولت ہی ممکن ہوئے۔ انہوں نے جلد ہی چینی کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز کی فراہمی کا ارادہ ظاہر کیا۔

شہباز شریف نے نے قراقرم ہائی وے اور ریلوے مین لائن وَن کو دوبارہ ترتیب دینے اور گوادر پورٹ کی آپریشنلائزیشن کے جلد نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے بزنس ٹو بزنس تعاون اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی، اپنے چینی ہم منصب کو بیجنگ میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بارے میں بتایا جس میں 300 سے زائد پاکستانی اور 500 چینی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ انہوں نے زراعت، کان کنی و معدنیات، ٹیکسٹائل، صنعتی شعبے اور آئی ٹی کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعاون کے لیے ترجیحی شعبے قرار دیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت نے 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا

متعلقہ خبریں