اسلام آباد(اے بی این)پاور ڈویژن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی پر تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں 46 گرڈ اسٹیشنز اور 417 فیڈرز سیلاب سے متاثر ہوئے۔ اب تک 159 فیڈرز مکمل طور پر جبکہ 248 فیڈرز عارضی طور پر بحال کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، پیسکو کے زیرِ انتظام سوات، بنر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان میں 12 گرڈز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 84 مکمل اور 7 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔ صوابی اور ڈی آئی خان میں بجلی بحالی مکمل ہو گئی ہے جبکہ سوات، بنر اور شانگلہ میں فیڈرز کی مکمل بحالی آئندہ دو سے سات دن میں متوقع ہے۔
اسی طرح گیپکو کے 10 گرڈز اور 87 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 73 مکمل اور 13 جزوی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔ لیسکو کے زیرِ انتظام لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ کے 58 فیڈرز متاثر ہوئے جنہیں جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، تاہم مکمل بحالی 31 اگست سے 5 ستمبر کے درمیان ممکن ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق، فیسکو کے علاقوں ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان میں 24 گرڈ اور 68 فیڈرز متاثر ہوئے جنہیں عارضی طور پر بحال کیا جا چکا ہے۔ میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 100 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں، جہاں پانی اترتے ہی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔
مزید برآں، ٹیسکو کے علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبر میں 10 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 2 بحال ہو گئے ہیں جبکہ باقی کی مکمل بحالی 5 ستمبر تک متوقع ہے۔ ہیزیکو کے مانسہرہ ریجن میں 3 میں سے 2 فیڈرز مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ادارے دن رات کام کر رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:امدادی سرگرمیوں میں مصروف اسسٹنٹ کمشنر پتوکی دماغ کی شریان پھٹنے سے جاں بحق