اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف نیب ریفرنس سے منسلک جائیداد کی نیلامی کے معاملے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ نے نیلامی کا باضابطہ اشتہار جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نیلامی یونین کونسل بھارہ کہو میں ہوگی اور اس میں عمران خان کی گاؤں موہڑہ نور میں واقع جائیداد پیش کی جائے گی۔
اشتہار کے مطابق نیلامی میں دو الگ قطعے شامل ہیں، ایک 248 کنال 8 مرلہ اور دوسرا 405 کنال 3 مرلہ پر مشتمل ہے۔ ابتدائی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ نیلامی میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد جائیداد کا معائنہ کر سکتے ہیں اور تمام تفصیلات متعلقہ پٹواری سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ شرائط و ضوابط ایویلیوایشن کمیٹی کی منظوری کے مطابق ہوں گے، اور نیلامی کی رقم چیئرمین نیب کے نام جمع کرائی جائے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ رہائش گاہ کی مبینہ نیلامی کی خبر آج ہی سامنے آئی ہے اور اگر یہ درست ہے تو یہ کسی خفیہ آپریشن کا نتیجہ ہے۔۔ ان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ کے منتظمین اس معاملے سے لاعلم ہیں، جبکہ پارٹی کی قانونی ٹیم اس کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد درست حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔
مزید پڑھیں :بھارت میں مودی فسطائیت عروج پر، راہول گاندھی کو گرفتار کرلیا