اسلام آباد (کورٹ رپورٹر: محمد ابراہیم عباسی) اسلام آباد ہائیکورٹ میں کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے افغان مہاجرین کے انخلاء پر حکم امتناعی جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
جسٹس انعام امین منہاس نے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عمر اعجاز گیلانی پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کی کہ حکومت کے مہاجرین کے انخلاء سے متعلق اقدامات کو کیس کے فیصلے تک روکا جائے۔
تاہم جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ 30 جون تک تمام افغان شہریوں کو وطن واپس جانا ہے، اور عدالت اس حکومتی پالیسی میں مداخلت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ مہاجرین کے ساتھ کوئی کنٹریکٹ سائن نہیں کیا گیا اور 30 جون کے بعد کسی قسم کی پروٹیکشن نہیں دی جا سکتی۔عدالت نے بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں: امریکہ ریاست الاسکا میں 7.1 شدت کا زلزلہ