کراچی (اے بی این نیوز)ملک بھر میں نو محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کےلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ کراچی میں نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی گزرگاہ پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئیں۔لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جلوس کی گزرگاہوں پر واقع تمام دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ اور کھارادر سمیت مختلف علاقوں میں کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔جلوس کی سکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور رینجرز اہلکار بھی الرٹ ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز 8 محرم کا جلوس بھی سخت سیکیورٹی میں نکالا گیا تھا اور اس دوران بھی موبائل فون سروس معطل رہی۔
مزید پڑھیں: پشاور میں سکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس کی جزوی بندش