واشنگٹن (اے بی این نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیب کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ تنصیب سے کوئی بھی مواد منتقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو گاڑیاں موقع پر دیکھی گئی ہیں وہ دراصل عام مزدوروں کی تھیں، جو وہاں موجود شافٹس کو ڈھانپنے کا کام کر رہے تھے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری تنصیب سے کوئی چیز باہر نکالنا نہایت مشکل، خطرناک اور وقت طلب عمل ہوتا ہے، جس میں تکنیکی مہارت اور انتہائی محتاط طریقہ کار درکار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی سرگرمی کے کوئی شواہد موجود نہیں جن سے یہ ثابت ہو سکے کہ تنصیب سے کچھ بھی نکالا گیا ہو۔
صدر ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بعض عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا اور بلاوجہ تنازع کو ہوا دینا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے، لیکن ایران کے جوہری پروگرام پر کڑی نظر رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی میڈیا اور بعض سیٹلائٹ تصاویر میں ایرانی جوہری تنصیب پر سرگرمیوں کے بارے میں چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں۔ تاہم امریکی صدر کے واضح مؤقف کے بعد ان قیاس آرائیوں کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :محرم الحرام کاچانددیکھنےکیلئےاسلام آبادکی زونل رویت ہلال کمیٹی کااجلاس،چانددیکھنےکاعمل جاری