اہم خبریں

بھارت کی پاکستان کو پھرایف اے ٹی ایف گرے لسٹ میں شامل کرانے کی کوشش ناکام

اسلام آباد (اے بی این نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے اجلاس میں بھارت کی کوششیں پاکستان کے خلاف ناکام ہو گئیں جبکہ چین نے پاکستان کے حق میں واضح موقف اختیار کیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی وفد نے بھرپور کوشش کی کہ پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کیا جائے، تاہم اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بجائے رپورٹنگ کی کیٹیگری میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جو پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔

FATF کے فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا، جبکہ چین، ترکی اور جاپان نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی اور ریلیف کی حمایت کا اظہار کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم تیز کر رکھی ہے اور نئی دہلی میں ایک ڈس انفارمیشن لیب قائم کی گئی ہے جس کا مقصد بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے حوالے سے گمراہ کرنا ہے۔ بھارتی وفود نے مختلف ممالک کا دورہ کیا اور پاکستان کے خلاف منفی بیانیہ پھیلایا، مگر عالمی سطح پر بھارت کی باتوں کو کوئی پذیرائی نہیں ملی۔

مزید بتایا گیا کہ بھارت اسرائیل کی مدد سے FATF کو اپنی سازشوں کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن FATF کے رکن ممالک نے بھارت کے پروپیگنڈے کو مسترد کیا۔ یہ واضح کامیابی پاکستان کی سفارتی محاذ پر بڑھتی ہوئی طاقت کی علامت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد پاکستان کی سفارتی پوزیشن مضبوط ہو رہی ہے اور ہندوتوا و صہیونی لابی کی مشترکہ کوششیں بھی پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کرنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں