اسلام آباد(اے بی این نیوز)ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریحاً خلاف ورزی اور اسرائیلی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے منافی ہیں۔شفقت علی خان نے واضح کردیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اسرائیلی حملے کے جواب میں دفاع کا حق حاصل ہے۔
اسرائیل کو خطے میں جارحانہ اقدامات کرنے پر ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہئے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اس موقع پر ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اسرائیل نے خطے کے امن، سیکیورٹی اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا، عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل جارحیت رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔
دوسری جانب وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کے گھناؤنے حملے نےعالمی قوانین کی بنیادوں کو ہلادیا۔
مزید پڑھیں: ایران کی طرف سے 100 سے زائد ڈرونز اسرائیل کی جانب آئے، اسرائیلی فوج