تہران (اے بی این نیوز)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں متعدد کمانڈر اور سائنسدان شہید ہوئے، اسرائیل کو حملے کی سخت سزا ملے گی۔
ایرانی سپریم لیڈر نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح صہیونی ریاست نے ہماری سرزمین پر شیطانی اور خون آلود ہاتھوں سے ایک سنگین جرم کا ارتکاب کیا۔ دشمن نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی فطرت کو پہلے سے زیادہ بے نقاب کر دیا ۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیل نے ایران کی 3 ملٹری سائٹس پر حملے کیے، ان حملوں میں کئی اہم کمانڈرز اور سائنسدان شہید ہو چکے ہیں۔سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیل سزا کے لیے تیار رہے، ایران کی مسلح افواج دشمن کے اس حملے کا جواب دیں گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کر دیا، فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کے ایران پر حملے ،متعدد فوجی کمانڈرسمیت سینئر سائنسدان شہید