اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسپیکر اور چیئرمین سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم رپورٹ کی روشنی میں اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر فیصلہ کریں گے۔واضح رہے کہ اسپیکر، چیئرمین سینیٹ سمیت اراکین کی تنخواہوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے جس سے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ لاکھوں روپے ہوگئی ہے، جب کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے 10 فیصد تک تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب وزیر دفاع اور لیگی رہنما خواجہ آصف نے اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر کی تنخواہوں میں اضافے پر عوامی تنقید کے بعد اسے معاشی فحاشی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے تنخواہوں اور مالی مراعات میں اضافے کی مخالفت کی۔
مزید پڑھیں: امریکا نے حملہ کیا تو خطے میں موجود تمام امریکی اڈے نشانے پر ہونگے،ایران