تہران (اے بی این نیوز)ایران نے امریکا کو واضح دھمکی دی ہے کہ اگر جوہری معاہدہ ناکام ہوا اور امریکا نے ایران پر حملے کی جرات کی، تو ایران خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو بلاجھجک نشانہ بنائے گا۔ ایرانی وزیر دفاع عزیز نصیر زادہ نے اپنے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ ایران امن چاہتا ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو ہم سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑیگا۔
ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ حالات اس نہج تک نہیں پہنچیں گے اور جوہری مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، لیکن اگر امریکا نے جارحیت کی راہ اپنائی تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑیگی۔
‘ان کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود امریکا کے تمام فوجی اڈے ایرانی میزائلوں کی زد میں ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ان تمام اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔عزیز نصیر زادہ نے واضح کیا کہ ایران کسی جنگ کا خواہاں نہیں لیکن اپنے دفاع سے بھی غافل نہیں۔ ایرانی وزیر دفاع نے تنبیہ کی کہ ’اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو پچھتانے کا موقع بھی نہیں ملے گا‘۔
دوسری جانب خبرایجنسی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کے روز سلطنت عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے کا امکان ہے۔ عالمی طاقتیں امید کر رہی ہیں کہ فریقین سفارتی عمل کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنے میں کامیاب ہوںگے۔
تاکہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے تک پہنچنے کی امیدیں مدھم پڑتی جا رہی ہیں۔ اپنے تازہ بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اب اس بات کا یقین نہیں رہا کہ ایران یورینیم کی افزودگی روکنے پر آمادہ ہو گا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے پہلے لگتا تھا ہم ایران کو جوہری پروگرام ترک کرنے پر راضی کر لیں گے، لیکن اب میرا اعتماد اس بارے میں کمزور ہوتا جا رہا ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ ایران کو معاہدے پر آمادہ کیا جا سکے گا یا نہیں۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں تنخوا ہ میں 10 فیصد اضافے کا امکان