اسلام آباد( اے بی این نیوز)ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے اور نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانور قربان کیے جارہے ہیں۔
ملک کے طول و عرض میں چھوٹے بڑے شہر اور قصبوں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر اہم شخصیات نے بھی نمازِ عید ادا کی اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں نماز عید ادا کی، نماز کے بعد صدر نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔
ان کے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے بھی نماز عید ادا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر حمزہ شہباز، سلمان شہباز، وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی شخصیات بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ وزیراعظم نے عوام سے ملاقات کی اور قربانی کے دن کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نمازِ عید ادا کی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش، لاڑکانہ میں نمازِ عید ادا کی، ان مقامات پر بھی نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ کینٹ میں نمازِ عید ادا کی، اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی، مبارکباد دی اور کہا کہ ’آج سنتِ ابراہیمی کا دن ہے، جس پر تمام عالمِ اسلام عمل پیرا ہو کر قربانی پیش کر رہا ہے۔
‘ ملک بھر میں مجموعی طور پر عید کا دن روحانی ماحول، امن اور بھائی چارے کے ساتھ گزارا جا رہا ہے، جبکہ مختلف شہروں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہیں۔
اسلام آباد میں عید الاضحیٰ کی نماز کے اوقات کا اعلان، فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل