اہم خبریں

وزیراعظم شہبازشریف جرگے میں شرکت کیلئے کوئٹہ پہنچ گئے

کوئٹہ(اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف جرگے میں شرکت کے لئے کوئٹہ پہنچ گئے۔بلوچستان میں امن و امان کے معاملات، جرگے میں شرکت اور سوراب دھماکے کے زخمیوں کی عیادت سمیت دیگر امور کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔وزیراعظم کے اس دورے کا مقصد بلوچستان میں قیامِ امن کےلئے جاری کوششوں کو قبائلی، سیاسی اور انتظامی سطح پر مربوط بنانا ہے۔

حکام کے مطابق وزیراعظم کے کوئٹہ پہنچنے پر قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالخالق اچکزئی، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور دیگر سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کا دورہ بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور صوبائی قیادت کے ساتھ براہِ راست مشاورت کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔


وزیراعظم شہباز شریف صوبے میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ ایک بڑے خصوصی جرگے میں شرکت کریں گے، جس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی و سیاسی عمائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔جرگے میں نہ صرف بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا، بلکہ امن کے فروغ کے لیے مقامی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی بات کی جائے گی۔

جرگے میں گورنر، وزیراعلیٰ، صوبائی وزرا، ارکانِ اسمبلی اور قبائلی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی کوشش ہے کہ صوبے کے پائیدار امن کےلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کی تجاویز اور خدشات کو قومی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے اس دورے کے دوران سوراب دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔
مزید پڑھیں: عید قربان پر ایل ڈبلیو ایم سی صفائی عملے کی چھٹیاں منسوخ ،نوٹیفکیشن جاری

متعلقہ خبریں