اہم خبریں

پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکا ، شہداء کی تعداد83 ہوگئی ، 170 زخمی

پشاور(نیوز ڈیسک) پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونےوالے خود کش دھماکے میں شہداء کی تعداد83 جبکہ زخمیوں کی تعداد170 ہو گئی ہے ، مسجد کے ملبے تلے سے مزید 13 لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔گزشتہ روز پشاور پولیس لائنز مسجد میں نماز کے دوران دھماکا ہوا ،خوفناک دھماکے سے مسجد کی چھت اور اندرونی ہال منہدم ہو گیا ، بیشتر نمازی ملبے تلے دب گئے، ملحقہ کینٹین کی عمارت بھی تباہ ہوئی جبکہ ہر طرف افراتفری پھیل گئی، دھماکا اس قدر خوفناک تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی۔دھماکے کے فوری بعد پولیس، سکیورٹی ، ریسکیو اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور شہداء اور زخمیوں کو نکال کر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جبکہ پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہو کر تین سے چار حفاظتی لائن عبور کر کے مسجد تک پہنچا۔بعدازاں دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس افسروں وجوانوں میں سے ابتدائی طورپر 27 شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ گزشتہ رات پولیس لائن کے گراونڈ میں ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم میں لپٹے پولیس شہداء کے تابوتوں کو سلامی پیش کی ۔نگران وزراء، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ، اعلیٰ فوجی وسول حکام ، شہداء کے لواحقین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں جنازہ میں شرکت کی اس سے قبل دھماکے کی وزیراعظم شہبازشریف ،گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی ،آصف زرداری،عمران خان،بلاول بھٹو،مولانا فضل الرحمان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت سول سوسائٹی نے اس کی مذمت کی۔خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان نے پشاور دھماکے پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج صوبے بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، صوبائی حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ خبریں