اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر اعظم شہبازشریف سے مسلم لیگ( ن) کے رہنما وسابق رکن قومی اسمبلی دانیال عزیزنے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں وزیراعظم نے دانیال عزیز سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جس پر دانیال عزیزنے بتایاکہ وہ تیزی سے روبصحت ہورہے ہیں،وزیراعظم نے ان کی جلداورمکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ دانیال عزیزپارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں،ہماری دعاہے کہ وہ جلدمیدان عمل میں آکر پارٹی اور ملک کے لئے اپناکردار ادا کریں ۔ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پربات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی ملک کو دیوالیہ دکھانے کی مذموم مہم چلارہاہے ،ملک دیوالیہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہاکہ مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کےلیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ معاشی بحالی چیلنج ہے مگر ملک دیوالیہ نہیں ہوگا ۔ عمران نیازی ملک کو دیوالیہ دکھانے کی باقاعدہ مذموم مہم چلا رہا ہے ۔