اسلام آباد( اے بی این نیوز)سپریم کورٹ میں جناح ہاؤس حملہ کیس کے ملزم علی رضا کی درخواست ضمانت پر سماعت، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت دی تو تمام قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا۔ پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے عدالت کو بتایا کہ علی رضا کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔
اے بی این نیوزکے مطابق سپریم کورٹ میں جناح ہائوس حملہ کیس کے ملزم علی رضا کی درخواست ضمانت پر سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
پراسیکیوٹر پنجاب ذوالفقار نقوی نے دلائل دیتے ہوئے کہا علی رضا کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، علی رضا پر پولیس کو پتھرائو اور ڈنڈے سے زخمی کرنے کا الزام ہے۔
ملزم کے وکیل سمیر کھوسہ نے کہا علی رضا کے خلاف موقع پر موجودگی کا کوئی آڈیو یا ویڈیو ثبوت موجود نہیں ہے جبکہ علی رضا کی عمر صرف 20 سال ہے اور وہ بیمار بھی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میڈیکل گرائونڈ پر ضمانت دی تو تمام قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا، ملزم نوجوان ہے تو پراسیکیوٹر جنرل خود معاملہ دیکھیں۔ عدالت نے مزید سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں: افغان خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار،61 کروڑ سے زائد کی منشیات برآمد