اسلام آباد (اے بی این نیوز) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری پروزیر اعظم نے سماجی ویب سائٹ پر پیغام دیا، علاقائی امن و استحکام کیلئے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار اور امریکا کے حوالے کیا، شریف اللہ کو کس قانون کے تحت امریکا کے حوالے کیا یہ وزارت قانون بہتر بتا سکتی ہے مجھے اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی پریشانی یا خوف دکھائی نہیں دیتا۔انھوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی پر مبنی تعاون جاری ہے ، ہمارے امریکا سے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں، امریکا ہمارا بڑا برآمدی شراکت دار ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی پرتعاون ایک جاری عمل ہے ، دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری اور حوالگی پر کوئی فل اسٹاپ نہیں ، شریف اللہ کی گرفتاری اور حوالگی جیسے آپریشن کسی ایک واقعے کی مرہون منت نہیں ، پاکستان اور امریکا کے درمیان قونصلر رابطے جاری رہتے ہیں۔
شفقت علی خان نے بھارتی وزیر مملکت کی آزاد کشمیر واپس لینے کی ہرزہ سرائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا بگرام ائیر بیس واپس لینے یا نہ لینے کا معاملہ افغان اور امریکی حکومت کا ہے۔انھوں نے بتایا کہ افغان سائیڈ نے بارڈر پر پاکستان کی جانب 2 چوکیوں کی تعمیر کی کوشش کی، منع کرنے پر انہوں نے پاکستان کی جانب فائرنگ بھی کی، افغان سرگرمیوں کا نتیجہ پاک افغان سرحد کی بندش میں نکلا ہے۔
مزید پڑھیں: گرفتاری سے بچنے کیلئے چور نے 21 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے نگل لئے