اسلام آباد ( اے بی این نیوز )صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان کے بابرکت مہینے کے آغاز پر قوم کے نام پیغام جاری کیے ہیں اور اس مقدس مہینے میں خیرات و صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو رمضان کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس بابرکت مہینے میں ہم خیرات و صدقات میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔ رمضان کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنی ذات سے بلند ہو کر دوسروں کی مدد کریں۔ صدر نے کہا کہ رمضان کا مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، جو تزکیہ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ یہ بہترین موقع ہے تقویٰ، اخلاص اور قربِ الٰہی حاصل کرنے کا، اور اس مہینے میں ہمیں غریبوں اور مساکین کی حاجت روائی اور ایثار کا جذبہ فروغ دینا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی رمضان کے آغاز پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابرکت مہینے میں غریبوں اور محتاجوں کی مدد کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا اصل پیغام صبر، شکر، ہمدردی اور اخوت و ایثار ہے، اور یہ مہینہ ہمیں دوسروں کے دکھ درد کا احساس دلاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا چاہیے اور اُمت مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مہینے کی برکت سے پاکستان کو استحکام عطا فرمائے، اور ساتھ ہی فلسطین، کشمیر اور اُمت مسلمہ کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔