اسلام آباد(نیوزڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ہفتہ کوجوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیااورحکم دیا کہ فواد چوہدری کو پیر کو عدالت کے روبروپیش کیاجائے،پولیس نے سیشن عدالت کے حکم پر پی ٹی آئی رہنما رہنما فواد چوہدری کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا تھا جہاں عدالت ان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ سنادیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں فواد چوہدری کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیئے،قبل ازیں الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونےکا فیصلہ چیلنج کیا۔سیشن جج طاہر محمود خان نے اسلام آباد پولیس کی اپیل پر سماعت کے دوران استفسار کیا کہ دو دن کے جسمانی ریمانڈ میں کیا تفتیش کی۔پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دو دن کا جسمانی ریمانڈ ملا مگرعملی طور پر ایک دن کا جسمانی ریمانڈ ملا، فواد چوہدری کا فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ کرانا ہے، فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ لاہور میں پنجاب فارنزک لیب میں ہونا ہے۔بعدازاں عدالت نے پولیس کی اپیل پر فواد چوہدری کو ساڑھے 12 بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ فاضل جج کا کہنا تھا جسمانی ریمانڈ کے لیے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔