اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الزام ثابت نہیں ہوتا تو عمران خان کو سزا ملنی چاہیے،پیپلزپارٹی نے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران نے خود پر حملے کی جو جے آئی ٹی بنائی اس کے ارکان نے بھی کہا کہ ہمیں ملزم تک رسائی نہیں دی جا رہی، ہم صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات دیر سے کرانے کی مخالفت کرتے ہیں،ملک کی معاشی حالت اچھی نہیں مگر آئین جو کہتا ہے اس پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ عمران نے اپنا وتیرہ بنا لیا ہے کہ اپنے مخالفین پر جو منہ میں آئے الزام لگا دیں، ایسے الزام کو چھوڑنا نہیں چاہیے اور چھوڑیں گے بھی نہیں۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ الزام سچا ہے تو ملزم کو سزا ملنی چاہیے، الزام ثابت نہیں ہوتا تو عمران خان کو سزا ملنی چاہیے۔ واضح رہے کہ انہوں نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہم عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں،وفاقی حکومت نے کسی ایک سیاستدان کو بھی سیاسی بنیادوں پر مقدمات میں گرفتار نہیں کیا،سیاسی مخالفین کے خلاف عمران خان کے الزامات بے بنیاد ہیں ۔















