وزیراعظم شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی تیاری اور اس کے نفاذ میں کام کرنے والی ٹیم کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں چیف کلکٹر کسٹمز کراچی زون جمیل ناصر اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات کا اظہار کیا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی بدولت کسٹم آپریشنز میں شفافیت، کارکردگی اور خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اس سسٹم کو عالمی معیار کا بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجیز، خاص طور پر مصنوعی ذہانت، کے استعمال پر زور دیا تاکہ کسٹم سسٹم کو مزید مو¿ثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
شہباز شریف نے اس سسٹم کو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو ملک کی اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہو گا۔