اہم خبریں

توشہ خانہ ٹوکیس،بشریٰ بی بی کے وکیل غیر حاضر،جرح مکمل نہ ہوسکی

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک )اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

سماعت اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث استغاثہ کے گواہ بنیامین پر جرح مکمل نہ ہوسکی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی کو گواہ پر جرح کرنے کی درخواست کی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی نے کہا کہ پہلے بشریٰ بی بی کے وکیل گواہ پر جرح مکمل کریں پھر ہم کریں گے۔

عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر جرح کا عمل مکمل نہ کیا گیا تو تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے گواہ کابینہ ڈویژن کے سیکشن افسر بن یامین کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا۔

استغاثہ کے گواہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وصول کیے گئے تحائف کی تفصیلات اور توشہ خانہ تحائف کی رجسٹریشن کا رجسٹر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جب کہ بشریٰ بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئی تھیں۔
مزید پڑھیں: دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر،پروازیں تاخیر کاشکار

متعلقہ خبریں