اہم خبریں

3 ارب 20 کروڑ روپے کا ٹیکس فراڈ کیس، ملزم کی 100 روپے میں ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کیس میں گرفتار کئے گئے بینک منیجر کی 10 روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے خلاف ضابطہ گرفتاری پر ایف بی آر حکام کی سرزنش کی، فوجداری کارروائی کو اختیار سے تجاویز قرار دے دیا۔ جسٹس بابر ستار نے ملزم کا ریمانڈ دینے اور ضمانت مسترد کرنیوالے عدالتی فیصلوں کو بھی باعث شرم قرار دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس بابر ستار نے شریک ملزم کراچی کے بینک منیجر شاہد حسین خواجہ کی 100 روپے کے مچلکے پر ضمانت منظور کرلی۔شاہد حسین خواجہ 3 ارب 20 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کیس کے شریک ملزم ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف بی آر کی فوجداری کارروائی کو اختیار سے تجاوز قرار دے دیا۔ جسٹس بابر ستار نے عدالتی فیصلے کی کاپی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھجوانے کا حکم دیدیا۔

انہوں نے مجسٹریٹ کی جانب سے ملزم کے ریمانڈ اور ماتحت عدالت کا ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ بھی باعث شرم قرار دیا اور آئندہ قانون کی خلاف ورزی پر ایف بی آر اور ٹیکس حکام کیخلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بینک کے برانچ منیجر کو پاور کمپنی کا اکاؤنٹ کھولنے میں اعانت پر گرفتار کیا گیا، درخواست گزار کے ٹیکس فراڈ کے جرم میں ملوث ہونے کا کوئی مواد پیش نہیں کیا گیا، ایف بی آر نے ٹیکس دہندہ پر واجب الادا ٹیکس کا تعین ہی نہیں کیا۔

تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کی گرفتاری لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے، متعلقہ کیس میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا، ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود فوجداری کارروائی شروع کی، ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کا فوجداری کارروائی شروع کرنا اختیارات سے تجاوز ہے۔

فیصلے میں لکھا گیا کہ زیادہ ٹیکس جمع کرنے کی کوشش میں اتھارٹی اور حکام نے قانون کی خلاف ورزی کی، ریمانڈ دینے والے مجسٹریٹ اور ضمانت مسترد کرنیوالی عدالت کا ایکٹ کا خیال نہ رکھنا باعث شرم ہے، عدالت نے بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کی بجائے الٹا گمراہ کُن اقدامات کی ستائش کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ فوجداری کارروائی کی قانونی حیثیت کا سوال اس عدالت کے سامنے نہیں، امید ہے کہ ٹرائل کورٹ اس کارروائی کی قانونی حیثیت کو مدنظر رکھے گی، درخواست گزار کی ضمانت 100 روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر دونوں ہائیکورٹس کے فیصلوں کی کاپی ٹیکس افسران میں تقسیم کریں، خلاف ورزی پر حکام کو اختیارات کے ناجائز استعمال کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں: آج بروزبدھ،یکم جنوری2025 آپ کا کیرئر،صحت، شادی ، محبت اور دن کیسا رہے گا ؟

متعلقہ خبریں