کراچی(نیوز ڈیسک )باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے شام پر قبضے کے باعث سینکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے۔بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغی ملیشیا حیات التحریر الشام نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سبنھال لیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریباً 250 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ہیں۔کنٹری ہیڈ شام ونگز طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ملک پر قبضے کے بعد ائر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری آج لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے۔طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ 11 دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی کینسل ہے۔
زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں، دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔خیال رہے کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام کا سفر کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے والے مزید7 ملزمان کیخلاف مقدمات درج