اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی حکومت نےملک میں سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی فیک نیوز کو کنٹرول کرنے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کرلیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر کرائم ترمیمی بل کا ابتدائی مسودہ کے تحت فیک نیوزپر مذکورہ شخص کو 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوگی۔
اس حوالے سے ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی جائےگی۔ ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کو سوشل میڈیا سے مواد بلاک کرنے یا ہٹانے کا اختیار ہوگا
اتھارٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں یا کسی شخص کیخلاف مواد ہٹانے کے احکامات جاری کرسکتی ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والوں سمیت دیگر اداروں یا کسی شخص کے خلاف خبر دینے اور دہشت پھیلانے والا مواد ہٹادیا جائےگا۔
اتھارٹی کے پاس ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف نفرت پھیلانے سے متعلق مواد کو بھی ہٹانے کا اختیار حاصل ہوگا۔ترمیمی بل کے تحت کسی شخص کو ڈرانے، جھوٹا الزام لگانے اور پورنو گرافی سے متعلق مواد کو بھی ہٹایا جاسکے گا
جب کہ جان بوجھ کرجھوٹی معلومات پھیلانے، خوف و ہراس اور بدگمانی پیدا کرنے والوں کو 5 سال قید یا10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ حکام کے مطابق اتھارٹی کا ایک چیئرمین اور 6 اراکین ہوں گے جب کہ اتھارٹی کے فیصلے کیخلاف ٹربیونل سے رجوع کیا جا سکے گا۔